پنڈت امر ناتھ ساحر 1863 کو دہلی میں پیدا ہوئے ۔ زوال پذیر مغلیہ سلطنت اور دہلی کی مخدوش سماجی ، سیاسی اور تہذیبی فضا میں ان کی پرورش ہوئی جس کے اثر سے ان کا طبعی اور فکری میلان تصوف کی طرف ہوگیا ۔ ساحر کی شاعری حقائق ومعارف ، تصوف اور عرفان کے رنگوں سے بھری ہوئی ہے ۔ ساحر اردو اور فارسی کے ساتھ سنسکرت کے بھی جید عالم تھے ، یوگ ابھیاس اور ویدانت پر ان کی گہری نظر تھی ۔ مطالعے کی اس نہج کے اثرات بھی ان کی شاعری میں نظر آتے ہیں ۔ ساحر کا اردو دیوان ’’ کفر عشق ‘‘ کے نام سے شائع ہوا اور فارسی مجموعہ کلام ’’ چراغ معرفت ‘‘ کے نام سے ۔ 1962 میں ساحر کا انتقال ہوا ۔