تخلص : 'وسیم نادر'
اصلی نام : وسیم نادر خان
پیدائش : 15 Jul 1974 | بدایوں, اتر پردیش
وسیم نادر کی پیدائش 15 جولائی 1974 کو بدایوں کے مردم خیز قصبہ ککرالہ میں ہوئی۔ انہوں نے ککرالہ سے ہی انٹر میڈیٹ تک کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اردو ادب میں بدایوں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔ اسی آب و ہوا میں وسیم نادر نے تربیت پائی ہے۔ انہوں نے اپنی شاعری کی شروعات 1997 میں کی تھی۔ انہوں نے اپنا پہلا مشاعرہ 1999 میں پڑھا تھا۔ وسیم نادر کی شاعری کے معنی جتنے گہرے ہوتے ہیں، ان کے الفاظ بھی اتنے ہی سلجھے ہوئے ہوتے ہیں۔ وہ اپنے عہد کے کئی شعرا کے ساتھ مشاعروں اور ادبی نشستوں میں شرکت کرتے رہتے ہیں۔ ان کی شاعری میں سنجیدہ فکر و خیال اور زندگی کے نئے نئے موضوعات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان کی غزلوں میں انسانیت کے درد و کرب کا بھرپور احساس دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور استاد شعرا میں تسلیم کئے جاتے ہیں۔ ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ 2014 میں "شام سے پہلے" شائع ہوا تھا، جسے بعد میں اردو اکیڈمی دلی کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ابھی حال ہی میں ریختہ کی جانب سے ان کی دوسری کتاب دیوناگری رسم الخط میں "رنگوں کی من مانی" کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔