Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

بالاد ست

نوشابہ خاتون

بالاد ست

نوشابہ خاتون

MORE BYنوشابہ خاتون

    مدت بعد وہ وطن واپس آیاتھا جہاں سے اس کی بہت ساری تلخ و شیریں یادیں وابستہ تھیں۔جاتے وقت اس نے عہد کیا تھا کہ اَب یہاں لوٹ کر کبھی نہ آئے گا۔ لیکن نہ جانے وطن کی مٹی کی کشش تھی یا اپنوں کی محبت کہ بیس سال بعد وہ پھر یہاں کھڑا تھا۔

    جب وہ اپنے قصبہ کی حدود میں داخل ہواتو اسے ایسالگا کہ سب کچھ ویساہی ہے۔کچھ بھی تو نہیں بدلا ہے۔ وہی کچی پکی سٹرکیں، وہی لہلاتے کھیت، وہی پگڈنڈیاں اورآس پاس چرتی ہوئی گائے بکریاں۔راستے میںپڑنے والے چھوٹے چھوٹے گانو، جن میں چھوٹے چھوٹے کچے مکان، جن کی دیوار پر اوپلے تھوپے ہوئے ۔ گوبر مٹی سے لیپا ہوا صحن جہاں مرغیاں چُگ رہی تھیں۔چھوٹی بڑی بیٹرھیاں ، بڑے بڑے پیپل اور برگد کے پیڑ جن کی چھاؤں میںمزدور کندھوں پر انگوچھا رکھے سستارہے تھے ۔ وہ بڑے والہانہ پن سے یہ سب دیکھ رہا تھا ۔ اسے ان نظاروں سے بڑیانسیت تھی ۔ اس کا بچپن لڑکپن اورجوانی کا ابتدائی حصہ اسی ماحول میں گزرا تھا۔ لیکن جب اس نے حویلی کے احاطہ میں قدم رکھا تو ایک لمحہ کے لیے ٹھٹھک گیا۔ کہیں وہ غلط جگہ پر تو نہیں آگیا۔ کیایہ وہی حویلی ہے جو دیکھنے والوں کو دور ہی سے اپنی عظمت اور برتری کا احساس دلاتی تھی۔جس کی چہاردیواریاں اور ڈیوڑھیاں کس قدر شاندار تھیں۔ اور اب تو یہ تقریباً کھنڈربن چکی تھیں۔ ستون مٹیالے ہو چکے تھے اور محراب کی جالیاں کہیںکہیں سے ٹوٹ کر اپنا حسن کھو چکی تھیں۔ وہ چند منٹ کھڑا انتظار کرتارہا کہ کسی طرف سے کوئی ملازم آئے گا اور اس کا سامان اٹھاکر لے جائے گا۔ لیکن کہیں کوئی ملازم نظر نہ آرہا تھا ۔ البتہ ہر عمر اور ہر قد وقامت کے چھوٹے بڑے بچے کھیل رہے تھے جو اپنے آپ سے بھی لاتعلق تھے ۔ چاک گریباں اور ٹوٹی چپل میںہی مست تھے۔

    سامنے بر آمدہ اور دالان میں چند ٹوٹی پھوٹی کرسیاں پڑی تھیں ۔ وہ انھی میں سے ایک پر بیٹھ گیا۔ اس کے ہونٹوں پر خودبخود یہ شعر آگیا:

    ہم ا پنے گھر میں آئے ہیںمگر اندا ز تو دیکھو

    ہم اپنے آپ کو مانند مہماں لے کے آئے ہیں

    پھر ماضی کے چند مناظر ذہن کے پردے پر ابھر آئے ۔ وہی حویلی ہے ، وہی دالان ہے ۔ تخت پر فرش لگاہے ۔ چند مصاحب بیٹھے ہیں۔ ملازم حکم کی تعمیل کے لیے کھڑے ہیں۔ ابّا حقہ کی نے منہ میں دبائے خوش گپیوں میں مشغول ہیں۔

    منظر بدل گیا۔

    حویلی کے احاطہ میںایک ہجوم ہے۔ کوئی مجرم پکڑکر لایا گیاہے۔ ا سکی سزاابّا کو تجویز کرنی ہے ۔بڑے غور و فکر کے بعد جو سزا سنائی گئی وہ بڑی ہی عجیب و غریب ہے ۔ یہ نظارہ بڑا دلخراش اور عبرتناک ہے۔ اسے عجیب سی بے چینی ہونے لگی۔ یہ سزا صر ف غریبوں ، بے بسوں او رلاچاروں کے لیے ہی کیوں؟ جب سنگسار کرنے کی وحی نازل ہوئی تھی تو ایسی کوئی تخصیص عاید تو نہیں ہوئی تھی۔

    منظر پھر بدل گیا۔

    ابّا شکار کر کے لوٹے ہیں۔آج انھوں نے ہرن کا شکار کیا ہے۔ وہ اپنی کامیابی پر بے حد خوش ہیں۔ داددینے والوں کا جمگھٹا ہے۔ اندر باہر ہل چل مچی ہوئی ہے۔ ہرن کی کھال دیوان خانہ کی دیوار پر بطور یادگار سجادی گئی ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان کے کارنامے پر فخر کرسکیں۔

    ابھی وہ اس طلسم میں کھویا ہوا ہی تھا کہ کوئی شخص اس کے سامنے آکر کھڑاہوگیا۔ اس نے نظر یں اٹھا کر دیکھا اور بھیّا کہہ کر لپٹ گیا۔ یہ چھوٹے بھیّا تھے ۔ وہ اسے حویلی کے اندر لے گئے ۔ بڑے بھیّا بستر علالت پر پڑے تھے ۔ سوکھ کر کانٹا ہو گئے تھے اور چلنے پھر نے سے معذور تھے ۔ اس نے حسرت سے چاروں طرف دیکھا۔ حویلی کا ہر حصہ زبان حال سے اپنی کسمپرسی کی داستان بیان کر رہا تھا ۔ نہ جانے کس جذبے کے زیر اثر اس کی آنکھیں بھر آئیں ۔ یہ آنکھیں بھی عجیب ہیں۔ پل بھر میں سب کچھ عیاں کردیتی ہیں۔رات گزارنے کے لیے جو کمر ہ اسے ملا تھا وہ امّاں کا کمرہ تھا۔ بالکل ویسا ہی۔ وہی پلنگ ، وہی دروازے ، وہی کھڑکیاں۔البتہ یہ سب اپنے مکینوں کی طرح رنگ وروغن کھو چکے تھے ۔جگہ جگہ مکڑی کے جالے لٹک رہے تھے ۔ چمگاڈروں نے روشن دان کو اپنا مسکن بنالیا تھا۔ اسی کمرے میں اس نے بارہا امّاں کی کراہیں اور سسکیاں سنی تھیں۔ اسے اچھی طرح یا دتھا کہ ایک دن اس نے پوچھ ہی لیا تھا۔

    ”کیوں رورہی ہیں امّاں، سر دُکھ رہا ہے ؟“ انھوں نے نفی میں سرہلا یا۔

    ”تو پھر ڈرلگ رہا ہے ؟“ اس کے معصوم ذہن میں یہی بات آئی ۔ امّاں نے کوئی جواب نہ دیا۔ اسے قریب کر تے ہوئے سینے سے لگالیا۔ امّاں کے جسم کی حرارت او رہاتھوں کا لمس اب بھی تازہ تھا۔ اس نے بے چینی سے کروٹ بدلی او رسرجھٹک کر ماضی میں گم ہوگیا۔

    ابّا تو شاذ و نادر ہی اند رآتے تھے ۔ ان کے لیے باہر کی دنیا زیادہ پُر کشش تھی۔ ساری ساری رات محفلیں جمی رہتیں۔ دوست احباب سایہ کی طرح ساتھ لگے رہتے۔ اور امّاں بیچاری عورت ذات تو ازل سے خود کو مظلوم او رمجبور سمجھتی آئی ہے۔ اپنے حق کے لیے اس نے احتجاج کر نا سیکھا ہی نہیں ہے۔ اپنے ارمان ،اپنی خوشیوں کا گلا گھونٹ کر سسکیوں اور سمجھوتوں میں بسر کرلیتی ہے۔ امّاں بھی انھی میں سے ایک تھیں ۔ نہ جانے کس مٹی کی بنی تھیں۔ حر ف شکایت زبان پر کبھی نہ لاتیں۔

    جب وہ تھوڑا بڑ اہو ا تو قصبہ کے اسکول میں اس کا داخلہ کروا دیا گیا۔ دونوں بڑے بھائیوں کو پڑھنے لکھنے میں کوئی دلچسپی نہ تھی۔ وہ سارا دن آوارہ گردی میں گزارتے۔ آئے دن ناز یبا حرکتیں کر تے رہتے ۔ امّاں ان کی بدتمیزیاں اور نارواسلوک درگزر کردیا کرتیں کہ آخر یہ بھی تو انھی کے بچے ہیں۔ کیا ہوا اگر وہ ان کے سگے نہیں ہیں۔ ایک دن ابّا شکار پر گئے تو زندہ واپس نہ آئے ان کی لاش ہی آئی ۔ ان کے گزرنے کے بعد دونوں بھائی او ربھی خود سر ہوگئے۔ من مانی کرنے لگے۔ اس کا کوئی کام انھیں گوارا نہ تھا۔ ہر کا م میں رخنہ ڈالتے ، لیکن امّاں ڈھال بن کر ہر وار سے بچالیتیں۔ان کی مخالفت کے باوجود اس نے کالج میںد اخلہ لے لیا۔ وہ ابھی زیر تعلیم ہی تھا کہ امّاں نے ساتھ چھوڑ دیا۔ ان کی بے وقت کی جدائی نے اسے اندر سے توڑ پھوڑ کر رکھ دیا۔ بڑی مشکل سے اس نے اپنے بکھرے ہوئے وجود کو سمیٹا اور امّاں کا خواب پورا کرنے میںلگ گیا۔

    جب سرپر سایہ دار درخت نہ ہو، دھوپ کڑی اور گرم ہوا کے تھپیڑے ہوں تو انسان کیا کرے، کہاں جائے ۔ اس نے ابھی کوئی فیصلہ نہ کیا تھا کہ اسے کیا کرنا ہے اور کہاں جانا ہے ۔ کہاں رہنا ہے کہ اچانک ایک د ن منشی جی اس کے پاس آئے اور کہنے لگے ۔

    ”حضورآپ کے ساتھ تو بڑی حق تلفی کی گئی ہے ۔ آپ کے بھائیوں نے ساری عمدہ زمینیں اپنے نام کرلی ہیں۔ بنجر اور بیکار آپ کے لیے چھوڑدی ہے۔ حویلی پربھی دونوں نے اپنا نام چڑھا لیا ہے“۔

    ”تو میں کیا کر سکتاہوں ‘۔وہ بیزاری سے بولا۔ اب یہ اس کی فطرت کا قصور تھا یا تعلیم کا کہ اسے لڑنا جھگڑنا بالکل پسند نہ تھا۔اس نے بھائیوں سے کوئی سوال وجواب نہ کیا۔ بہت ہی خاموشی سے گھر چھوڑ دیا۔

    اس واقعہ کو بیس سال کا عرصہ گزرچکا تھا ۔ا ن بیس سالوں میں اس نے بے شمار دولت حاصل کی مگر گھر والوں کو اس کی خبر نہ تھی۔ وہ تو اسے مرا ہوا سمجھ کر آرام سے بیٹھے تھے۔اور اب اس کے اچانک آجانے سے حویلی میں کھلبلی مچی ہوئی تھی۔ جتنی زبانیں تھیں اتنی ہی بولیاں۔البتہ وہ اتنا ضرور سمجھ گئے تھے کہ اب وہ خاصہ مالدار ہو چکا ہے اور شاید اپنا حصہ وصولنے آیا ہے تاکہ اس کے مال و دولت میں اور اضافہ ہو جائے۔وہ آپس میں باتیں کرتے۔

    ”اتنے دنوں بعد یہ ضرور اپنا حق وصول کرنے آیا ہے۔

    ”بچاہی کیا ہے، ساری زمینیں تو گروی پڑی ہیں ۔ اگر یہ اپنا حصہ لے لے گا تو ہم کھائیں گے کیا؟“

    ”میری مانوتو بہلا پھسلا کر جلد اسے چلتا کردو۔“

    سب اپنی اپنی رائے پیش کررہے تھے اور وہ ان باتوں سے بے خبر ماضی کی بھول بھلیّوں میں گم تھا۔

    دوسری صبح سب اکھٹے بیٹھے تھے۔ چھوٹے بھیّا نے بات شروع کی۔

    ”آج تمھیں یہاں دیکھ کر بتا نہیں سکتا کہ ہمیں کتنی خوشی ہورہی ہے ۔ میری رائے ہے کہ تم یہیں رہ جاؤ۔ حالاں کہ اب یہاں رہنا تمھارے لیے بہت مشکل ہوگاکیوں کہ جس عیش و آرام کے تم عادی ہو چکے ہو وہ یہاں مہیا نہیں ہوسکتا۔ پھر بھی جہاں تک ہو سکے گا ہم تمھارے آرام کا خیال رکھیں گے اور تمھارا حق بھی تمھیں مل جائے گا۔“

    وہ دھیرے سے مسکرایا او رجیب سے ایک بڑی رقم کا چیک نکال کر بڑھاتے ہوئے بولا۔

    ”آج میں کچھ لینے نہیں دینے آیا ہوں۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Rekhta Gujarati Utsav I Vadodara - 5th Jan 25 I Mumbai - 11th Jan 25 I Bhavnagar - 19th Jan 25

    Register for free
    بولیے