نرمل نیر
ادھر ادھرجل تھا۔ جل ہی جل۔ پوتر جھرجھر گرتا۔
وہ جو مدمتا تھی ‘مدماتی‘ مدن مد۔
وہ ا سی جل میں اشنان کرتی ‘ چھینٹے اڑاتی‘ دوڑتی پھرتی تھی۔
ا س جل کے بیچوں بیچ وہ جتنا آگے جاتی اتنا ہی جل اور بڑھ جاتا۔
وہ تھی۔ بس وہ۔ اور جل۔
ایک بگھی اس کے واسطے تھی ‘رنس سے بنی ہوئی‘ جگرجگر کرتی۔
جس کی راہ میں کوئی وگھن نہ تھی
اس کے آگے بارہ بدلیاں جتی ہوئی تھیں۔
بدلیاں بھی ایسی ‘کہ جن کے پاؤں میں بجلیاں بھری ہوئی تھیں‘ ہر دم‘ تازہ دم۔
لگامیں ا س کے ہاتھ میں تھیں۔
وہ اس جل کے اوپر اس بگھی کو دوڑاتی پھرتی تھی۔ قہقہے لگاتی یا پھر ہنس ہنس کر دوہری ہو جاتی۔
ایسے میں اس کا سندر بدن اورسندر ہو جاتا۔
تارے جھل مل کرتے ساری کرنیں اس پر نچھاور کر دیتے۔
اور لہریں اچھل اچھل کر اس کا انگ انگ چومنے لگتیں۔
تب وہ شانت ہو جاتی۔
کہ ‘وہ تھی اور جل تھا۔
جل تھا اور وہ تھی۔
ایک روز کہ وہ اپنے جوبن میں مست تھی۔
ایک کنّی اس پر اتری۔
اتری اور قطرہ بن گئی۔
قطرہ بن گئی اور ٹھہر گئی۔
پوری طریوں ٹھہری بھی نہ تھی‘ وہیں لرزتی جاتی تھی۔
اور عین اس کے بیچ ایک رنس سمٹی ہوئی تھی جو‘ من کے بیچ کھبتی تھی۔
اس نے اپنے تئیں سوچا۔
کہ وہ تو اس سنمانی کنّی کے سمان ہے قطرہ بننے والی‘ رنس سمیٹے ہوئے۔
تب اسی طرح کی ایک اورکنّی اوپر سے برسی۔
وہیں پہلی کے آلے دوالے۔
دونوں ایک دوسرے کے اور کھسکیں اور مل گئیں۔
دو سے ایک ہوئیں۔
سنجوگ کیا ہوا‘ دونوں جوا ب ایک ہو گئی تھیں‘ اپنے جوبن پر آ گئیں۔
وہ جل میں یوں ملیں کہ جل ان کی چھب میں چھپ گیا۔
یہ جل اب سارے میں لہروں کی طرح اچھلنے لگا تھا۔
اس نے جانا یہ سارا جل جو پہلے جھرجھر گرتا تھا؛ اور اب ادھر ادھر شوکتا پھرتا ہے ‘دوبوندوں کے سنجوگ کے سمان ہے۔
دو بوندیں ‘جو پہلے دو کنّیاں تھیں اور اب جل ہی جل تھا ‘شوکتا‘ شور مچاتا‘ اچھلتا کودتا۔
تب اس کے بریتس سے شانت نے شما چاہی۔
اور عجب طرح کی جوالا بھڑکنے لگی۔
اسے اپنی سرت نہ رہی۔
وہ شانتی جو اس کی دھروٹ تھی ‘دو بوندوں کے کارن لٹ گئی تھی
وہ سوچتی:
ایک کنّی جو بوندبنی‘ وہ تو وہ خود تھی مگر دوسری ؟
پھر اسے چنتا ہوئی:
وہ سمندر کے سمان کیسے ہو سکےگی؟۔۔۔ کیسے؟؟۔۔۔کیسے؟؟؟
یہ جل جو کبھی اسے مدھو لگتا تھا۔
اب اگنی بن کر اسے جلاتا تھا۔
اس کے اندر سے ساری للک نچڑ گئی۔
ایک کلپنا تھی جو اسے کلپاتی تھی۔
ایک ہی چت تھی جس میں وہ اپنی بدھ کھو بیٹھی تھی۔
اس کی بڑھوتری اسی جل میں ہوئی تھی۔
مگر اب اسے لگتاتھا ‘وہ اور تھی اورجل اور۔
یہ کیسا یدھ تھا جو اس کے اندر ہو رہا تھا۔
اس نے لہروں کے ساز پر مدھارت کو چھیڑا ۔
یہ سر پہلے اسے شانت کرتا تھا ‘اب تڑپانے لگا۔
عین اس سمے اس نے اوپر سے نیچے جھانک لیا۔
نیچے ‘بہت نیچے‘ ڈابھ کے اندر‘ ڈابک کی چمک تھی‘ یوں کہ جھلک پڑنے پر آنکھیں چندھیاتی تھی۔
اس نے جانا ‘پرنتو‘ وہ ڈابک نہیں‘اک کنّی ہے دوسری کنی۔ قطرہ بنے اس کی منتظر۔
اس نے اپنی بگھی کی لگامیں اس اور موڑ لیں۔
اور دھرتی پر اتر آئی۔
ڈابک میں مل جانا تو اس کے مقدّر میں نہ لکھا تھا‘من میں جا اتری۔
اور آنکھوں میں جا سمائی۔
اور اب قطرہ قطرہ دامن بھگوتی رہتی ہے۔
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.