Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

قیدی

انور قمر

قیدی

انور قمر

MORE BYانور قمر

    قیدیوں کے پیروں میں بیڑیاں ہیں اور ہاتھوں میں کدالیں۔ ایک لمحہ میں کدالیں فضا میں بلند ہوتی ہیں، دوسرے میں زمین کے پتھریلے سینے میں اترجاتی ہیں۔ قطعی میکانیکی طور پر یہ کام ہو رہا ہے۔ گجر بجتے ہی ایک وین ہمارے مکان سے کچھ فاصلے پر آکر رکتی ہے۔ جمعدار دروازہ کھولتاہے۔ یکے بعد دیگرے خانے دار موٹے کپڑے کی قمیص، نیکر اور ٹوپی پہنے قیدی وین سے اترتے ہیں۔ بیڑیاں بجنا شروع ہوجاتی ہیں اور اس وقت تک بجتی رہتی ہیں کہ جب تک وہ تمام قیدی ایک قطار میں چلتے ہوئے اپنے اپنے کام کرنے کی جگہ پر جاکر نہیں ٹھہرجاتے۔

    میں دودھ کا پیالہ ہاتھ میں لیے اور ڈبل روٹی منہ میں دبائے انہیں دیکھتا رہتا ہوں۔ نانا نے بتایا ہے کہ سڑک کے کنارے لیمپ پوسٹوں کے کیبل بچھائے جائیں گے، اس لیے نالا کھودا جارہا ہے۔ میں خوش ہوں۔ سڑک پر روشنی ہوگی تو میں رات میں بھی سائیکل چلا سکوں گا۔ اب تو بتی جلتے ہی گھر واپس ہونا پڑتا ہے۔

    امی کہتی ہیں، ’’شریف لوگ اندھیرا ہونے سے پہلے گھر آجاتے ہیں۔‘‘ لیکن میرے نانا رات گئے تک اسپورٹس کلب میں بیٹھے تاش کھیلا کرتے ہیں۔ نانی مجھے اکثر انہیں بلانے بھیجا کرتی ہیں۔ اسپیڈ، فایو، ڈائمنڈ، سکس۔ کلب ایٹ، نوٹرمپ کی آوازیں میرے کانوں میں پڑ رہی ہیں اور میں اپنے نانا کی پشت پر کرسی کا سرا پکڑے کھڑاہوں اور بار بار ان کی پیٹھ میں انگلی چبھوکر انہیں گھر چلنے کو کہتا ہوں۔

    ’’شیخ صاحب۔ آپ کا نواسا آپ کو بلانے آیا ہے شاید!‘‘ یہ کہہ کر ایک بوڑھا چٹکی میں دبی ناس ناک میں سڑکتا ہے۔

    ’’ہوں۔۔۔‘‘ نانا اس کی طرف دیکھے بغیر پتا پھینکتے ہیں۔

    میں اپنے نانا نانی کا لاڈلا اور اپنے ماں باپ کا ٹھکرایا ہوا ہوں۔

    اس لیے وہ جمعدار جب بھی کسی قیدی کو ڈانٹتا یا سونٹے سے مارتا ہے تو وہ مجھے اپنے بے رحم باپ ہی کا ایک روپ نظر آتا ہے اور میں اپنے آپ کو ستم رسیدہ قیدی سمجھنے لگتا ہوں۔

    میں پتنگ اڑا رہا ہوں۔ پتنگ آسمان میں تارا بن گیا ہے۔ پیلا رنگ نیلے آسمان میں ڈوب ڈوب جاتا ہے۔ میں چرخی ہاتھ میں لیے ڈور دیے جارہا ہوں اور پتنگ چکراتا ہوا اونچا اور اونچا اٹھا چلاجارہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ پتنگ اتنا بڑھ چکا ہے کہ اگر میں اسے غوطہ دوں تو وہ اس دیوار کے پرلی طرف بیٹھ سکتا ہے۔ دیوار ہماری کالونی کا احاطہ کرتی ہے۔ بہت دور تک چلی گئی ہے یہ دیوار۔ سائیکل پر اس کے متوازی چلتے چلتے مجھے آدھ گھنٹہ لگ جاتا ہے۔ اور اونچی بھی بہت ہے یہ! جب تک میں اپنے مکان کی کھپریل کی چھت پر نہ چڑھوں، مجھے اس کے دوسری جانب کا کچھ بھی نظر نہیں آتا لیکن اب مجھے معلوم ہوچکا ہے کہ دیوار کی اس طرف کیا ہے۔ باغ ہیں۔ کھیت ہیں۔ کنویں ہیں۔ کنوؤں پر رہٹ چلتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے مکانات ہیں۔ بالکل ویسے ہی جیسے کہ میریREADER میں بنے ہیں۔ تکونے، رنگین۔ نازک سے۔

    ’’دیکھو بالے کی پتنگ کتنی اونچی اڑ رہی ہے۔‘‘

    میں اکڑ کر دو ہاتھ دھاگا کھینچتا ہوں اور پتنگ کا رخ موڑتا ہوں۔

    ’’کہاں یار؟‘‘ ایک قیدی ہتھیلی سے آنکھ پر سایہ کرکے پوچھتا ہے۔

    ’’وہ۔۔۔ وہ رہی۔۔۔ اس ببول کے ٹھیک اوپر۔۔۔‘‘

    ’’ہاں۔۔۔ ہاں۔۔۔ نظر آگئی۔۔۔ نظر آگئی۔۔۔‘‘

    ’’واہ میاں خوب پتنگ اڑا رہے ہو۔ استاد ہوگئے ہو۔‘‘

    میں پھول کر کپا ہوجاتا ہوں۔

    ’’انور۔۔۔‘‘ ایک گرج سنائی دیتی ہے۔

    ’’جی۔۔۔ جی آیا۔۔۔‘‘

    ’’کھانا نکل گیا ہے۔ چلو جلدی۔‘‘

    ڈور ہاتھوں میں الجھنا شرع ہوجاتی ہے۔

    ’’میاں پتنگ آہستہ آہستہ اتاردو۔ اور ڈور یکجا نہ ہونے دو۔‘‘

    ’’جمعدار صاحب اس بچے کی مدد کریں ہم۔‘‘ وہ قیدی ملتجیانہ نظروں سے جمعدار کو دیکھتا ہے۔

    جمعدار آنکھوں ہی آنکھوں میں اسے کام جاری رکھنے کا حکم دیتا ہے۔

    ’’انور!‘‘ میرا باپ پھر چیختا ہے۔

    شاید اسے چیخنے کامرض ہے۔ اس کی کمرے سے اس کے دھاڑنے کی اور چیخنے چلانے کی آواز آتی ہی رہتی ہے۔ کبھی امی پر برستا ہے تو کبھی خانساماں پر۔ کبھی صفائی والے پر غراتا ہے تو کبھی دھوبی پر۔ ہر کوئی اس سے سہما سہما سارہتاہے۔ وہ مہینے دومہینے میں بمبئی جاتا ہے۔ بمبئی جانے سے دو ایک روز پہلے وہ سب سے گھلا ملا رہتا ہے۔ یہی وہ چھوٹا سا عرصہ ہوتا ہے کہ جس کے دوران میں وہ مجھے اپنے قریب بلاتا ہے۔ پیارکرتا ہے۔ ان دو دنو ں میں میری امی بھی بہت خوش رہتی ہیں۔ ہمارے گھر اُن دنوں اچھے اچھے کھانے پکتے ہیں۔

    پھر وہ چلاجاتا ہے۔

    اور مجھے جیسے امتحان بعد کی چھٹیاں مل جاتی ہیں۔ لیکن یہ چھٹیاں جلد ہی ختم ہوجاتی ہیں۔ وہ ہفتہ دس دن میں واپس ہوجاتا ہے۔ دُکھی، رنجیدہ، تھکا تھکا سا۔ جیسے امتحان میں فیل ہوگیا ہو۔

    دوسرے ہی دن سے اس کے کمرے سے دھاڑنے، چیخنے چلانے اور غرانے کی آواز سنائی دینے لگتی ہے اور پاس پڑوس کے رہنے والے امی سے کہتے ہیں، ’’انور کے ابا شاید واپس آگئے ہیں۔‘‘

    میرا ہاتھ تیزی سے ڈور پر چل رہا ہے۔ پتنگ لمحہ لمحہ اترتا چلا آرہا ہے۔ اچانک ایک گرم سلاخ میری پیٹھ پر پڑتی ہے۔ میں تلملاکر پیٹھ ملنے لگتا ہوں۔ پتنگ بھیگا بھیگا سا نظرآتا ہے۔ چرخی ہاتھ سے چھین کر پٹخ دی جاتی ہے۔ پھر کسی کا بھاری پیر اس پر پڑتا ہے۔ کسی کے پنجے پتنگ کو پرزے پرزے کردیتے ہیں۔ دو آنکھیں چشمے کے پیچھے سے آگ اُگل رہی ہیں۔ قمچی سانپ بن کر لہراتی ہے اور میرے گلے اور سینے پر آپڑتی ہے۔ اچانک ان آگ اگلنے والی آنکھوں میں خوف کی پرچھائیں دیکھتا ہوں۔ اٹھا ہوا ہاتھ رک جاتا ہے۔ میری آبدیدہ آنکھیں دیکھتی ہیں کہ،

    کدالیں فضا ہی میں بلند ہیں۔ وہ نیچے نہیں آتیں۔ وہ ایک دہشت ناک احتجاج بن گئی ہیں۔ کدالیں اٹھائے ہوئے قیدیوں کی نگاہوں سے چنگاریاں پھوٹ رہی ہیں۔ میرا باپ چور نظروں سے انہیں دیکھتا ہے۔ پھر میرا ہاتھ پکڑ کر گھسیٹتا ہوا گھر کی طرف چل پڑتا ہے۔ میں گھٹنوں میں سر دیے ہچکیاں لے رہا ہوں اور قمچی کا ہروار میری پیٹھ چاک کر رہا ہے۔ نانی دوڑتی ہوئی آتی ہیں۔ ایک شور مچتا ہے۔ بحث ہوتی ہے۔ واسطے دیے جاتے ہیں۔ ’’بچہ مرجائے گا۔ خدا کے لیے بخش دو۔‘‘

    میں دیوار سے ٹیک لگائے کچھ دیر بیٹھ پاتا ہوں۔ پھر وہیں ڈھیر ہوجاتا ہوں۔

    شام کا دھندلکا پھیل رہا ہے۔ میں کھڑکی سے پرندوں کو اپنے مسکن کو واپس ہوتے ہوے دیکھ رہا ہوں۔ میرا ہاتھ دھیرے دھیرے پیٹھ کے زخموں کو چھو رہا ہے۔ ان پر مرہم لگایا جاچکا ہے لیکن ٹیسیں اب بھی اُٹھ رہی ہیں۔

    وقت گزرتا چلاجارہا ہے۔ سارے میں تاریکی پھیل گئی ہے۔ جھینگر سیٹیاں بجا رہے ہیں۔ وہ کدالیں فضا میں معلق ہیں۔ ہزار ہا آنکھ سے چنگاریاں پھوٹ رہی ہیں۔ ایک بچے کو کوئی جابر گھسیٹتا ہوا لے جارہا ہے۔

    نانی دبے پاؤں کمرے میں آتی ہیں۔

    اندھیرا۔ مکمل اندھیرا۔

    ’’انور۔۔۔ انور۔۔۔ بیٹا دودھ پی لے۔ اٹھ بیٹے۔۔۔ اٹھ۔‘‘

    میرے پیٹ میں آگ لگی ہوئی ہے۔

    نانی کا ہاتھ ٹٹول کر میں پیالہ اپنے ہاتھوں میں لے لیتا ہوں اور منہ سے لگا لیتا ہوں۔ گرم اور میٹھے دودھ کا ہر گھونٹ نانی کے ڈھارس بندھانے والے جملوں کی طرح مجھے آسودگی بخش رہا ہے۔

    دوسرے روز گجربجتے ہی وہ وین ہمارے مکان سے تھوڑے فاصلے پرآکر رکتی ہے۔ زنجیریں کھنکتی ہیں۔ بیڑیاں بجتی ہیں۔ قیدی ایک قطار میں چلتے ہوئے اپنے اپنے کام کرنے کی جگہ پر جاکر ٹھہر جاتے ہیں۔

    جمعدار حکم دیتا ہے، ’’کا۔ آ۔ آ۔ م شرو۔‘‘

    تمام کدالیں ایک ساتھ ہوا میں لہراتی ہیں اور زمین کے پتھریلے سینے میں دھنس جاتی ہیں۔ یہ منظر دیکھتے دیکھتے میرے سینے میں درد کروٹیں لینے لگتا ہے۔ ایک چٹان کوئی شخص پوری قوت صرف کرکے کھائی میں لڑکھادیتا ہے۔ مٹھیاں بھنچ جاتی ہیں۔ اعصاب تن جاتے ہیں۔

    چاروں طرف گلال بکھرا نظر آتا ہے۔ میں سائیکل اٹھاتا ہوں اور گھر سے نکل پڑتا ہوں۔ کالونی کے مغرب میں ایک چوکی ہے۔ وہاں ایک چوکیدار ہمیشہ پہرہ دیا کرتا ہے۔ آج بھی وہ وہاں چاق چوبند کھڑا ہے۔ میں اس خاکی وردی پوش مجسمے کے قریب جاتا ہوں۔

    ’’کیوں بابا تم یہاں تک آگئے؟‘‘

    ’’اوں۔۔۔ بس ایسے ہی۔۔۔ مجھے باہر جانا ہے۔۔۔‘‘

    میں کھلی اور کشادہ سڑک کی طرف اشارہ کرتاہوں۔

    ’’نا۔ نا۔۔۔ جاؤ۔۔۔ واپس جاؤ۔۔۔ بچے سڑک پر نہیں جاتے۔۔۔ سڑک پر موٹریں چلتی ہیں۔۔۔ جاؤ۔۔۔‘‘

    یہ کہتے کہتے وہ میری سائیکل کا رخ الٹا پھیر دیتا ہے اور دو قدم میرے ساتھ چلتا ہے۔ میں بے بسی سے اسے دیکھتا ہوں اور غصہ میں دوڑ کر سائیکل پر سوار ہوجاتا ہوں اور پھر زور زور سے گھنٹی بجانا شروع کردیتا ہوں۔

    پیر بڑی تیزی سے چلنے لگتے ہیں۔ پہیے دگنی رفتار سے گھومنے لگتے ہیں۔ اسی تیز رفتاری سے میں کالونی کے مشرقی سرے پر پہنچ جاتا ہوں۔ وہاں ایک پتھر کی بنی عمارت ہے، جس میں سے کھٹاکھٹ، کھٹاکھٹ کی آوازیں ابھرتی رہتی ہے۔ کہتے ہیں کہ کسی غیر کو اس کے اندر جانے کی اجازت نہیں۔ عمارت کاکوئی دروازہ نظر نہیں آتا۔ عمارت کی کھڑکیوں پر لوہے کی جالیاں لگی ہیں۔ اندر روشنی ہو رہی ہے۔ خاکی وردی والے بیس بیس قدم پر سنگین چڑھی رائفلیں لیے پہرہ دے رہے ہیں۔

    میں ایک سپاہی کے قریب جاتا ہوں۔

    ’’میں اپنے نانا سے ملنا چاہتا ہوں۔‘‘

    ’’نانا سے؟‘‘

    ’’ہاں۔ وہ اس میں کام کرتے ہیں۔‘‘ میں انگلی سے عمارت کی طرف اشارہ کرتا ہوں۔

    ’’کیا نام ہے؟‘‘

    ’’شیخ صاحب‘‘

    ’’ہوں۔ کس کھاتے میں کام کرتے ہیں؟‘‘

    ’’کھاتا؟‘‘ میں وہ لفظ دہراتا ہوں۔

    ’’ہاں ہاں۔ جیسے پرنٹنگ، پروف ریڈنگ، ڈائی میکنگ، فاؤنڈری، ٹریثرری، کیش آفس، مینٹیننس، بویلر پلانٹ۔۔۔‘‘

    ’’بویلر پلانٹ۔۔۔‘‘ یہ لفظ میرے ذہن سے چپک جاتا ہے۔

    ’’بویلر پلانٹ۔۔۔‘‘ میں بڑ بڑاتا ہوں۔ بغیر کچھ کہے چپ چاپ سر جھکائے میں وہاں سے چل دیتا ہوں۔

    کافی دور تک مجھے اس پر اسرار عمارت کے متوازی راستہ طے کرنا پڑتا ہے۔ عمارت کے اندر سے کھٹاکھٹ، کھٹاکھٹ کی بے ہنگم آواز مجھے بدستور سنائی دے رہی ہے۔

    ایک مقام پر پہنچ کر مجھے معلوم ہوتا ہے کہ وہ دیوار، وہ لمبی چوڑی دیوار، اس عمارت کا بھی احاطہ کیے ہوئے ہے اور اب ایک ناقابل عبور منزل کی طرح میرے سامنے کھڑی ہے۔ میں چپ چاپ اسے تاکتا کھڑا رہتا ہوں۔

    پھر واپس ہوتا ہوں۔ اب میرا رخ کسی اور سمت نہیں بلکہ گھر کی طرف ہے۔

    سائیکل کے پہیے کی سست رفتاری گرم دوپہر میں بدل گئی ہے۔

    یہ میں کیا دیکھ رہا ہوں؟

    اکثر مکانوں سے لوگ باہر نکل آئے ہیں اور دو دو چار چار کی ٹکڑیوں میں بیٹھے باتیں کر رہے ہیں۔ نانی، امی، ابا، خانساماں سب مکان سے باہر کھڑے ہیں۔ میں ان کے قریب پہنچنے سے چند قدم پہلے ہی سائیکل سے اترپڑتاہوں اور دبے پاؤں ان کے قریب جاتا ہوں۔

    کوئی مجھ سے کچھ نہیں کہتا۔

    ابا بھی مجھے نہیں ٹوکتے، نہ مجھے دیکھتے ہیں۔

    میں آنکھ بند کرکے اطمینان کا سانس لیتا ہوں، پھر سائیکل باغیچہ میں کھڑی کرکے ان میں جاملتا ہوں۔

    ’’کہیں نہیں جاسکتے۔۔۔ گھنٹے دو گھنٹے میں دھرلیے جائیں گے۔‘‘

    میرے کان کھڑے ہوجاتے ہیں۔ میری نظریں کسی کو تلاش کرنے لگتی ہیں۔ کدالیں کھدی ہوئی زمین پر بکھری پڑی ہیں۔

    ’’ظالموں نے جمعدار کو گرا کر مارا ہے۔ سرپھٹ گیا ہے غریب کا۔‘‘

    میں بظاہر بے تعلقی سے ہر ہر لفظ پر کان لگائے ہوں۔

    ’’اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ اب تک بے ہوش ہے۔‘‘

    ’’پتا نہیں کیسے سالوں نے اپنے پیروں کی بیڑیاں کاٹ لیں اور دیوار پھاند کر بھاگ گئے۔‘‘

    ’’دھرلیے جائیں گے سالے۔۔۔ دھرلیے جائیں گے۔‘‘

    میرے باپ کا آخری جملہ مجھے بالکل بے معنی سا لگ رہا ہے۔

    لیکن وہ جملہ

    ’’پیروں کی بیڑیاں توڑلیں اور دیوار پھاند کر بھاگ گئے۔‘‘

    کانوں میں گونج رہا ہے۔

    مجھے خیال آتا ہے کہ میں دونوں ہاتھ تتلی کی طرح لہراتا سائیکل چلا رہا ہوں۔

    میرا پتنگ بہت بلندی پر اڑ رہا ہے، جس کی ڈور کسی کے ہاتھ میں نہیں بلکہ صرف میرے ہاتھ میں ہے۔ پتنگ اونچا اور اونچا اٹھتا چلا جارہا ہے۔

    ’’انور!‘‘ جیسے کسی نے میرے دل میں دہکتی سلاخ گھسیڑ دی ہو۔

    ’’چلو گھر میں۔ یہاں کھڑے کھڑے کیا کر رہے ہو؟‘‘

    کوئی خوں خوار نطروں سے مجھے گھورتا ہے۔

    اور میری آنکھوں میں وہ منظر گھوم جاتا ہے۔

    ہاتھ بلند ہیں۔ کدالیں ہوا میں اٹھی ہوئی ہیں۔ سبھوں کی آنکھوں سے نفرت کی چنگاریاں پھوٹ رہی ہیں۔

    اور میں سوچتا ہوں

    کہ مجھے فوراً کسی سے بیڑیاں کاٹنے کا ہنر سیکھ لینا چاہیے۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

    Get Tickets
    بولیے