Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

بزم خواتین

سرور جمال

بزم خواتین

سرور جمال

MORE BYسرور جمال

     

    اس عنوان کے تحت بہنوں کی مرسلہ صرف ایسی خبریں شائع کی جاتی ہیں جو شادی، غمی،ولادت یا چھوٹی موٹی کامیابی کے سلسلہ میں دور دراز کے اعزہ وقریبی دوستوں سے متعلق ہوں۔ خبروں کا صاف ستھرا ہونا ضروری نہیں، کیونکہ ہمارا کاتب کٹی پھٹی خبروں کو بھی کچھ ترمیم کے ساتھ صاف کر لینے میں مہارت رکھتا ہے۔ نمبر خریداری کا لکھنا بھی کوئی ضروری نہیں، کیونکہ ایسی خبروں کی توسیع واشاعت ہمارا اولین فرض ہے، تاکہ بہنیں انھیں پڑھ کر مسرت وعبرت حاصل کرسکیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوسکیں۔ ادارہ

    بہن تہذیب خانم ست گھنی سے تحریر فرماتی ہیں، ’’اللہ تعالیٰ نے بندہ زادی کو بروز منگل، بتاریخ چودہ شعبان بمطابق دس جون سال رواں ایک پوتی سے نوازا ہے، لڑکی کا رنگ ماں پر اور نقشہ باپ پر گیا ہے۔ آپ بہنوں سے استدعاء ہے، کہ اس کی درازیٔ عمر کی دعاء کریں، تاکہ وہ بھی میری طرح پڑپوتی کی مالک بنے، ساتھ میں اچھا گھر وبرنصیب ہو۔ آمین۔‘‘ 

    کوہ ندا سے کریمہ بہن لکھتی ہیں، ’’بہنوں کو یہ خبر پڑھ کر دلی مسرت ہوگی، کہ کل میری پیاری پڑوسن کی دخترِ نیک اختر کے کن چھیدن کی رسم ادا ہوئی۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب بڑی دھوم دھام سے منائی گئی جس میں شہر کے بڑے لوگوں نے شرکت کی اور امید سے بڑھ کر تحفے وصول ہوئے۔ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ میری پڑوسن ایک اہم قرض سے سبکدوش ہوگئیں۔‘‘ 

    محترمہ فضیحت خانم صاحبہ کلسر سے خبر دیتی ہیں، ’’میرے نورِ نظر لختِ جگر نے اس سال k.G.I کا سالانہ امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا ہے۔برخوردار کی عمر محض دس سال ہے، اس نے اتنی کم عمری میں ایسی مشان کامیابی حاصل کر کے اپنے خاندان کا گذشتہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کرکے اپنے خاندان کا گذشتہ ریکارڈ توڑدیا ہے۔ اس کی اس عظیم کامیابی پر اپنے پیارے پرچے کو ایک خریدار پیش کر رہی ہوں۔‘‘ 

    محترمہ حکمت آراء بیگم سنولی سے انتہائی مسرت کے ساتھ اس بات کی اطلاع بہنوں کو دے رہی ہیں کہ ’’گذشتہ ہفتہ ان کے گھر ایک معرکۃ الآراء جنگ ساس بہو کے درمیان ہوئی، اگرچہ مقابلہ سخت اور برابر کا تھا، لیکن اس کے باوجود فتح ان کی یعنی بہو کی ہوئی، یہ صرف ان ہی کے لئے نہیں، بلکہ پوری ’بہو خواہری‘ کے لئے فخر کی بات ہے، اپنی اس شاندار کامیابی پر وہ دس روپے نادار بہنوں کے لئے بھیج رہی ہیں تاکہ سال بھر کے لئے ان کے نام رسالہ جاری کردیا جائے۔‘‘ 

    تمسر سے ام کلثوم صاحبہ تحریر فرماتی ہیں، ’’میں نہایت رنج واندوہ کے ساتھ یہ خبر سپردِ قلم کر رہی ہوں کہ میری حقیقی نند کے چچا زاد سسر محترم کے والد بزرگوار اپنی زندگی کی صد سالہ سالگرہ منا کر بروز ہفتہ بتاریخ ۱۵جولائی بوقت بارہ بجے شب اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ حیف کہ اپنے پوتے پوتیوں کی اولادوں کی خوشیاں نہ دیکھ سکے۔

    حسرت ان غنچوں پہ ہے جو بن کھلے مرجھاگئے

     بہنوں سے گذارش ہے کہ وہ مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے کم سے کم ایک ختم ِقرآن پاک کا کر کے ان کی روح کو ثواب پہنچائیں، اور خود ثواب دارین حاصل کریں۔‘‘ 

    (ادارہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔۔۔ ادارہ)

    محترمہ قاضیہ خاتون صاحبہ جھانکی سے فرماتی ہیں، ’’میرے خالوکی پھوپھی کے چمنستانِ حیات میں دس بچوں کے بعد گیارہویں بچے نے پھول کھلا کر ایک ٹیم کومکمل کیا ہے، خدا نومولود کو پوری ٹیم کے ساتھ رہتی دنیا تک قائم رکھے اور کسی طرح کا غم وفکر ان کی خوشیوں پر فتح نہ پائے۔آمین ثم آمین۔‘‘ 

    محترمہ حسین بانوصاحبہ چکراسے لکھتی ہیں، ’’میرے ہونٹ موٹے اور دانت لمبے ہیں۔ ہنستی ہوں تو بری لگتی ہوں، بہن کوئی آزمودہ علاج بتائیں۔‘‘ 

    (جواباً عرض ہے کہ ہنسنا یا مسکرانا بالکل چھوڑدیں، آپ اچھی لگنے لگیں گی، آزمودہ ترکیب ہے۔۔۔ ادارہ)

    بہن گوہر دانہ صاحبہ بکھیر پوری سے لکھتی ہیں، ’’میرے سگےدیور کےخسر صاحب کےحقیقی بڑے بھائی عین عالمِ جوانی میں اس دارِفانی سے کوچ کر گئے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے چار بیوائیں، آٹھ صاحبزادے، گیارہ صاحبزادیاں، اور پچاس ہزار قرض چھوڑے ہیں۔ خدا سے دعاء گوہوں، کہ خدا ان کی مغفرت کرے اور پس ماندگان اورقرض خواہوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔‘‘ 

    محترمہ حوربانو صاحبہ سنبل سےتحریر فرماتی ہیں، ’’میری پیشانی چوڑی،کان بڑے، آنکھیں چھوٹی اور رنگ کالا ہے، جن کی وجہ سے میری دل کشی میں کمی آگئی ہے، اس سے نجات دلانے کے لئے بہن کوئی آسان، سستا اور مجرب نسخہ یا ترکیب لکھیں۔‘‘ 

    (بہنیں اپنی اس مصیبت زدہ بہن کی مصیبت دور کرنے کی طرف رجوع ہوکر دونوں جہاں کا ثواب حاصل کریں۔۔۔ ادارہ)

    محترمہ گل خیروصاحبہ کو مرغ کا حلوہ، چرونجی کی دال اور کٹہل کی کھیر بنانے کی ترکیب درکار ہے۔

    (محترمہ! آپ اس لئے ’دسترخوانِ جدید بے تصویر‘ کی ایک جلد دفتر سے بذریعہ وی پی منگوالیں، اس میں آپ کو مطلوبہ ترکیبوں کے علاوہ بہت سے دوسرے نادر و انوکھے پکوان کی ترکیبیں بھی مل جائیں گی۔۔۔ادارہ)

    محترمہ ناصحہ بیگم صاحبہ کانکے سے تحریر فرماتی ہیں، ’’میری جٹھانی کی خالہ ذاد بہن کی نند کی شادی خانہ آبادی جناب منظور حسن صاحب او۔ڈبلیو۔ایل کے صاحبزادے مقبول حسن صاحب ایف۔او۔ایکس سے بروز بدھ بتاریخ 27اگست 1971ءکی شب کو ہوئی۔ خدا سے دست بہ دعا ہوں کہ دولھا دہن کی زندگی ہرشب شبِ برات اورہرروزعید کی مثال ہو۔ دولھا تمام عمر دلہن کا غلام رہے اور دلہن کی زندگی ساس نند کے جھگڑوں، بلکہ خود ان کی زندگی سے پاک وصاف رہے۔‘‘ 

    محترمہ عارفہ بیگم جموئی سے لکھتی ہیں، ’’میری والدہ عرصہ دس سال سے عارضۂ قلب میں مبتلا ہیں۔ بہنیں کوئی ایسا گھریلو ٹوٹکہ لکھیں کہ وہ اس موذی مرض سے نجات پاجائیں۔‘‘ 

    (بہنیں متوجہ ہوں۔۔۔ ادارہ)

    جوابات
    محترمہ قدرت سبحان بانو کے مصائب کے جواب میں محترمہ فضیلت النساء بیگم سرسی سے تحریر فرماتی ہیں، ’’بہن! آپ کےشوہرکی بےراہ روی کوپڑھ کراورآپ کی مصیبت کو یادکرکے میں آٹھ آٹھ آنسوروئی۔ آپ سرسی کے تکیہ والے شاہ صاحب سے مل کر کوئی تعویذ یا گنڈہ حاصل کیجئے۔ اس کے استعمال سے آپ کے شوہر تمام دنیا کو چھوڑ کر صرف آپ کے ہوکر رہیں گے۔ ساتھ ہی آپ طلسمی کا جل بھی لگایا کریں۔ شوہر پر اس کا اثر جادو کی طرح ہوتا ہے۔

    محترمہ ثمینہ صاحبہ نے بال بڑھانے کی ترکیب پوچھی ہے، جس کے جواب میں عالیہ سلطانہ نے یہ چند نسخے ارسال کئے ہیں۔۔۔

    ۱) پاؤ بھر پیاز ایک بوتل سرکہ میں پکا کر پیس لیں۔ ہر روز بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح مالش کریں، بال بے تحاشا بڑھ جائیں گے۔

    ۲)مینڈک کا سر کڑوے تیل میں پکاکر سر میں لگائیں۔

    ۳)شہتوت کی پتی ارہر کی دال میں پیس کر بالوں کو دھوئیں۔ بال خوب بڑھیں گے، کڑوے تیل میں کٹھائی پیس کر ملالیں اور بالوں کی جڑوں میں لگائیں، تو بال سفید نہیں ہوں گے اور خوب بڑھیں گے۔

    ۴)بالوں کو بڑھانے کا سب سے آسان نسخہ یہ ہے کہ بازار سے نقلی بال خرید لیں اور اپنے اصلی بالوں میں لگائیں۔ بہت ہی ہمہ گیر نسخہ ہے۔ نقل اصل سے بڑھ جائے گا۔

    ن۔ق صاحبہ نے بالکوٹ سے گذشتہ ماہ قد بڑھانے کی ترکیب پوچھی تھی محترمہ خالدہ صدیقی صاحبہ اس کی ترکیب لکھتی ہوئی فرماتی ہیں، ’’قد بڑھانے کے لئے مقوی غذائیں کافی مددگار ثابت ہوتی ہیں لہٰذا کھانے میں گھی، دودھ (دودھ اگر اونٹنی کا دستیاب ہوجائے تو زیادہ بہتر ہوگا) مکھن وغیرہ زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ اس کے لئے جمنا سٹک بے حد ضروری ہے۔ ن۔ق صاحبہ کو چاہئے کہ چمگادڑ کی طرح الٹا لٹکنے کی کوشش کریں، آزمودہ نسخہ ہے، قد ضروربڑھ جائے گا۔

    ایک موٹی بہن کے لئے محترمہ کاہیدہ سلطان صاحبہ تحریر فرماتی ہیں، ’’بہن! موٹاپا دور کرنے کا سب سے اچھا علاج ینچروپیتھی ہوتا ہے۔ آپ اسے ضرور آزمائیے۔ علاج ذیل میں درج ہے۔

    علاج
    دویوم خالی ہوا پر گذارہ کیا جائے۔ یعنی صرف ہوا کھائی جائے۔ تیسرے روز۔۔۔صرف ترکاریاں۔۔۔ صبح دو ابلے ہوئے آلو، (وزن دس گرام سے زیادہ نہ ہو) دوپہر میں کدو کا سوپ (ایک بڑا چمچہ) شام ایک کافی کی پیالی میں بغیر شکرودودھ کے ہلکی چائے، بلکہ اگر صرف گرم پانی پئیں، تو زیادہ مفید ہوگا۔ رات کو پھر ابلے ہوئے دو آلو (وزن دس گرام) نمک کسی چیز میں ڈالیں ترکاری خود جسم میں نمک مہیا کرے گی۔۔۔ چوتھے دن بھی یہی غذا رہے گی۔۔۔ پانچویں اور چھٹے دن محض پھلوں کے جوس پر گذارہ کریں۔۔۔ ایک وقت میں جوس ایک بڑے چمچے سے زیادہ نہ پئیں۔۔۔ ساتویں دن بھی یہی سب چیزیں چلیں گی۔ صرف دوپہر میں ایک روٹی، انڈے کی زردی کے چوتھائی حصے سے کھائیں۔ (روٹی کا وزن مرغی کے ایک لمبے پر کے وزن سے زیادہ نہ ہو)کبھی کبھی مچھلی اور گوشت بھی۔۔۔ جی چاہے تو کھاسکتی ہیں لیکن وزن دس گرام سے زیادہ نہ ہو۔

    احتیاط
    کھانے میں نمک، شکر، سوڈا، ہر طرح کے مسالے، دودھ، گھی، مکھن، مٹھائی وغیرہ بالکل نہ کھائیں۔ سلاد، پنیر، لیموں، رس والے پھل بالکل نہ کھائیں۔

    (آلو، چینی، چاول، روٹی، گوشت، مچھلی اور انڈا مندرجہ بالا وزن کے مطابق کھاسکتی ہیں)

    ’’یہ خوراک آپ کم سے کم سال بھر کھائیے، اگر دبلی سینک سلائی نہ ہوجائیں تو ہمارا ذمہ۔۔۔‘‘ 

     

    مأخذ :

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

    Get Tickets
    بولیے