Filter : Date

Section:

کیا آپ کو معلوم ہے؟

عصمت

ماہنامہ ٰعصمت ٰٰ اردو کا واحد رسالہ ہے جس نے اشاعت کے 100 سال پورے کئے ہیں۔ خواتین کے رسائل میں یہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ دہلی سے 1908 میں شروع ہوا تھا۔ اس کے مدیر علامہ راشد الخیری نے عورتوں کی تعلیم اور بیداری کی مہم کے طور پر اس رسالے کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔سرکاری نوکری چھوڑی، آبائ مکان فروخت کیا، بیگم کے زیورات بیچ دئے، بہو جو  اثاثہ جہیز میں لائ تھی وہ بھی اس میں لگا دیا۔ رسالے کے دفتر میں کئ بار آگ بھی  لگی لیکن یہ رسالہ جاری رہا۔ اس میں گھریلو موضوعات سے لے کر عالمی سیاست تک کے بارے میں مضامین شامل ہوتے تھے۔ علامہ کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے رازق الخیری نے پاکستان جا کر بھی رسالہ جاری رکھا۔ ان کے انتقال کے بعد ان کی بیگم آمنہ نازلی مدیر رہیں اور پھر ان کی اولادوں نے یہ ذمہ داری نبھائ۔ اپنے ابتدائ دور میں اس رسالے نے خواتین لکھنے والیوں کی ایک جماعت پیدا کی، جس میں نذر سجاد حیدر، صغرا ہمایوں، عطیہ فیضی، حجاب امتیاز علی جیسے نام بھی شامل ہیں۔ رازق الخیری کی کتاب ٰعصمت کی کہانی ٰمیں رسالےکے متعلق بہت سی دلچسپ معلومات ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ عصمت ٰکو مالی مشکلات تھیں لیکن اشتہارات کے بارے میں یہ اصول تھا کہ صرف وہ اشتہار شائع ہوں گے جو ایک شریف بیٹی اپنے باپ کے سامنے اور شریف بہن اپنے بھائ کےسامنے پڑھ سکے۔