گھر لوٹ کے روئیں گے ماں باپ اکیلے میں
مٹی کے کھلونے بھی سستے نہ تھے میلے میں
قیصرالجعفری، اصل نام قاضی سید زبیر احمد جعفری، اردو کے ممتاز شاعر اور ادیب تھے۔ ان کی پیدائش نظرگنج، الہ آباد (یوپی) میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم اردو، فارسی اور عربی میں حاصل کی اور 1949 میں بمبئی منتقل ہو گئے، جہاں ان کی ادبی زندگی کا آغاز ہوا۔ان کے مشہور شعری مجموعوں میں "رنگ حنا"، "نبوت کے چراغ"، "سنگ آشنا"، "دشت بے تمنا"، "چراغ حرا" اور "اگر دریا ملا ہوتا" شامل ہیں۔ ان کے کلام پر تحقیقی کام بھی ہوا اور ان کی تخلیقات پر کئی انعامات ملے۔ قیصرالجعفری 5 اکتوبر 2005 کو بمبئی میں وفات پا گئے، لیکن ان کی شاعری اردو ادب کا اہم حصہ ہے اور ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔