جس طرح ہر گلی کے لیے کم سےکم ایک کم تول پنساری، ایک گھر کا شیر کتا، ایک لڑا کا ساس، ایک بد زبان بہو، ایک نصیحت کرنے والے بزرگ، ایک فضیحت پی جانے والا رند اور حوائج ضروری سے فارغ ہوتے ہوئے بہت سے بچوں کا ہونا لازمی ہوتا ہے، اسی طرح کسی نہ کسی بھیس میں ایک ماہر غالبیات کا ہونا بھی لازمی ہوتا ہے اور بغیر اس کے گردوپیش کا جغرافیہ کچھ ادھورا رہ جاتا ہے۔