غلط سب دلیلیں غلط سب حوالے
غلط سب دلیلیں غلط سب حوالے
اندھیرے اندھیرے اجالے اجالے
مرے حال پر پھبتیاں کسنے والے
مبادا تجھے پھونک دیں میرے نالے
ہمیں جان و دل سے وہ اپنا بنا لے
مگر ہم کہاں ایسی تقدیر والے
مجھے وعظ پر وعظ فرمانے والے
اگر کوئی تیری بھی نیندیں چرا لے
ہزاروں تھے دنیا میں اخلاص والے
مگر گردش وقت نے پیس ڈالے
رہے زندگی میں بجا سعئ پیہم
مقدر کا لکھا مگر کون ٹالے
محبت پہ تیرا یہ احسان ہوگا
محبت میں جی سے گزر جانے والے
ادھر تو ہے مہکی فضائے محبت
ادھر ذہن پر چند یادوں کے جالے
حقیقت ہمیشہ حقیقت رہے گی
حقیقت پہ پردے کوئی لاکھ ڈالے
محبت کی نیرنگیاں توبہ توبہ
کہیں راتیں روشن کہیں دن بھی کالے
کوئی دم کے مہماں ہیں اے زندگی ہم
جہاں تک تجھے راس آنا ہے آ لے
اگر میری ہستی کھٹکتی ہے تجھ کو
تو لے ڈوب جاتا ہوں اے ناخدا لے
کسی جان جاں کی امانت ہیں عاصیؔ
یہ اشکوں کے طوفاں یہ آہیں یہ نالے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.