وہ کہتے ہیں با آسانی نہ حسرت دل سے نکلے گی
وہ کہتے ہیں با آسانی نہ حسرت دل سے نکلے گی
جو نکلے گی تو اے صابرؔ بڑی مشکل سے نکلے گی
محبت آپ کی ہرگز نہ میرے دل سے نکلے گی
قیامت میں بھی یہ لیلیٰ نہ اس محمل سے نکلے گی
چلو اچھا ہے رہنے دو یوں ہی ارماں بھرا مجھ کو
نہ تم گھر میرے آؤ گے نہ حسرت دل سے نکلے گی
یہیں ہم خاک ہو جائیں گے جل کر مثل پروانہ
ہماری لاش بھی ظالم نہ اس محفل سے نکلے گی
فقیروں کی دعا لو حسن کی خیرات دو بوسے
وہی مقبول ہوگی جو لب سائل سے نکلے گی
نہ وقت نزع بھی آیا عیادت کو تو اے ظالم
ہماری جاں تو نکلے گی مگر مشکل سے نکلے گی
رہیں آوارۂ صحرا نہیں ہم تجھ سے دیوانے
ہماری لاش مجنوں کوچۂ قاتل سے نکلے گی
نہ کوئے یار سے اے قیس تجھ کو واپس آنا تھا
تمنا خاک تیری سعئ لا حاصل سے نکلے گی
سرائے دہر میں ہم اس لیے ٹھہرے ہیں دم بھر کو
کہ راہ خانۂ دل دار اسی محفل سے نکلے گی
ہمیں منہ پھیر کر تو ذبح کرتا ہے تو کر لیکن
ہماری جان اے قاتل بڑی مشکل سے نکلے گی
نہیں اس طرح میں کہنا غزل آسان اے صابرؔ
گرہ جو پڑ گئی رنجش کی وہ مشکل سے نکلے گی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.