عبدالمنان صمدی 16 اکتوبر 1988 کو علی گڑھ کے ایک علمی خانوادے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محترم انجینئر عبد الصمد ہیں، جن کے نام کی نسبت سے عبدالمنان نے "صمدی" تخلص اختیار کیا۔ ابتدائی تعلیم کا آغاز مدرسے سے ہوا، جہاں انہوں نےحفظ قرآن مدرسہ عربیہ تعمیر ملت سے کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے فضیلت کی سند جامعہ دینیات اردو دیوبند سے حاصل کی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قرآنک اسٹڈیز میں ڈپلوما کیا۔
تعلیمی سفر جاری رکھتے ہوئے، عبدالمنان صمدی نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے بی۔اے اور بی ایڈ کیا، جبکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم۔اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔
شاعری میں عبدالمنان صمدی کو دو اساتذہ کی رہنمائی حاصل رہی۔ پہلے خالد ندیم فاروقی، جنہوں نے انہیں شاعری کے بنیادی اصولوں سے روشناس کرایا، اور دوسرے ان کے حقیقی چچا، ڈاکٹر شہرام سرمدی، جنہوں نے ان کی ادبی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس ادبی و علمی پس منظر نے عبدالمنان صمدی کو ایک ممتاز شاعر کے طور پر ابھارا ہے۔