ایسی ہی بے چہرگی چھائی ہوئی ہے شہر میں
آپ اپنا عکس ہوں میں آپ آئینہ ہوں میں
ارشد جمال صارم کا تعلق صوبۂ اتر پردیش کے تاریخی شہر اعظم گڑھ سے ہے۔ وہ 15 اگست 1978 کو اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اور پھر عالمیت جامعتہ الفلاح اعظم گڑھ سے مکمل کی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹٰی سے بی یو ایم ایس کی تعلیم حاصل کی اور بنگلور سے ایم ڈٰی کی اعلیٰ ڈگری لی۔ فی الحال آپ مالیگاؤں کے محمدیہ طبیہ کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔
ارشد جمال صارم نئی ادبی نسل کے ایسے نمائندہ شاعر ہیں جن کی پوری شاعری ان کے تجربے اور اندرون کا بیش قیمتی اظہار ہے۔ ان کی شاعری سرگوشی اور خود کلامی کی شاعری ہے جس میں داخلی واردات کا بیان بھی ہے اور خارج کے حادثات سے بھی ان کی فکر وابستہ ہے۔ وہ غزل کے فنی لوازمات سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کے لہجے کی شگفتگی اور اظہار و بیان کی دلکشی انہیں اپنے ہم عصروں میں نمایاں کرتی ہے۔ ان کی شاعری میں تنوع ، جدت طرازی اور تازہ کاری بھی جابجا موجود ہے۔ آپ کا پہلا شعری مجموعہ سخن زاد کے نام سے منظر عام پر آیا ہے جس کو ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔