ہمایوں اور موٹو کی کہانی
ہندوستان کے مشہور مغل بادشاہ ہمایوں کی امّاں کا نام ماہم بیگم تھا، ہمایوں کے والد شہنشاہ ظہیر الدین بابر نے اپنی رفیقۂ حیات کو شادی کے بعد ہی سے ماہم کہنا شروع کر دیا تھا یعنی ’چاند۔’ بہت ہی خوبصورت تھیں نا ہمایوں کی امّاں، اسی لیے! ننھا ہمایوں بیمار ہوتا تو لگتا امّاں بی خود بیمار ہو گئی ہیں، دن رات اپنے پیارے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی تھیں، آگرہ کے لوگ ماہم بیگم کی بہت عزّت کرتے تھے اور سب اُنھیں پیار سے اماّں کہتے تھے۔ امّاں ماہم بیگم بھی شہر کے لوگوں کا بہت خیال رکھتی تھیں۔ ہر تہوار پر، وہ تہوار ہندوؤں کا ہو یا مسلمانوں کا، پورے قلعے پر چراغ روشن کراتیں، مٹھائیاں تقسیم کراتیں، شہر بھر کے بچوّں کو بلاتیں تاکہ وہ ننھے ہمایوں کے پاس آ کر کھیلیں اور خوب مٹھائیاں کھائیں۔ اماّں ماہم بیگم کو بچوّں سے بیحد پیار تھا، قلعے میں جو بچیّ آتے اُن میں ایک بہت ہی پیارا سا بچہ تھا موٹو، بہت موٹا تھا اور خوب کھاتا تھا اسی لیے اس کا نام موٹو ہو گیا تھا۔ اماّں ماہم بیگم اور ہمایوں دونوں موٹو کو بہت پسند کرتے تھے ننھا موٹو اکثر آتا اور ہمایوں کے ساتھ کھیلتا دونوں دوست بن گئے تھے۔ ہاں، ہمایوں اکثر کہتا ’’موٹو کھانا کم کھایا کر ورنہ پیٹ پھٹ جائے گا۔‘‘’’
موٹو کے باپ کا نام ہیرا تھا جو دودھ فروخت کیا کرتا تھا اور اُسی سے گزارا کرتا تھا، ننھے موٹو کی سب سے اچھی سواری بھینس تھی، وہ دن بھر بھینس کے اُوپر بیٹھ کر اپنے پتا جی کی بھینسوں کو چراتا تھا، ندی پار جو کھیت تھا موٹو وہیں اپنی بھینسوں کو چراتا تھا اور ننھا ہمایوں اور اس کی امّاں ماہم بیگم دونوں قلعے کے اوپر سے بہت دُور سے اسے دیکھتے اور خوش ہوتے تھے، موٹو کو قلعے میں اتنا پیار ملا کہ اس کے آنے جانے کی کسی قسم کی رُکاوٹ نہ تھی، وہ جب چاہتا ننھے ہمایوں سے ملنے آ جاتا، امّاں ماہم بیگم اسے اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتیں، اسی طرح کہ جس طرح اپنے بیٹے ہمایوں کو کھلاتی تھیں۔
آہستہ آہستہ ہمایوں اور موٹو دونوں بڑے ہوتے گئے، وقت تیزی سے گزرتا گیا، ایک دن ہمایوں نے ضد کی کہ وہ موٹو کے ساتھ کھیت پر جائے گا اور موٹو کی طرح کسی بھینس پر بیٹھے گا، ہمایوں شہزادہ تھا بہت اچھا گھوڑا سوار بن رہا تھا لیکن بھینس پر بھی بیٹھنا چاہتا تھا۔ امّاں ماہم بیگم نے اجازت دے دی، ہمایوں بہت خوش ہو گیا، چند سپاہیوں کی نگرانی میں کھیت پر پہنچا موٹو اپنی بھینس پر لیٹا مستی مار رہا تھا، موٹو ہمایوں کو دیکھ کر بہت خوش ہو گیا، بھینس سے نیچے اتر آیا اور سپاہیوں کی مدد سے ہمایوں بھینس پر چڑھ گیا، اب تو اس کی خوشی مت پوچھو، اسے یہ سواری بہت اچھی لگ رہی تھی، موٹو دوسری بھینس پر بیٹھ گیا، اور دونوں مست کھیلتے رہے، جب خوب کھیل چکے تو اپنی اپنی بھینسوں سے نیچے اُترے۔
ایسا ہوا بچو کہ ہمایوں جیسے نیچے اُترا ایک زہریلے سانپ نے اسے ڈس لیا اور ہمایوں کی حالت خراب ہونے لگی۔ سپاہیوں کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ کیا کریں، موٹو نے جب اپنے دوست کی یہ حالت دیکھی تو فوراً اپنی قمیص پھاڑ ڈالی اور ہمایوں کی ٹانگ پر زخم کے اوپر نیچے دو پٹیاں کس کر باندھ دیں تاکہ زہر نہ پھیلے، موٹو کی تیزی اور چستی دیکھ کر سپاہی بھی حیران رہ گئے، ہمایوں کو قلعہ لایا گیا موٹو بھی ساتھ ساتھ آیا، شاہی حکیم صاحب آئے، انھوں نے علاج کیا اور ہمایوں اچھا ہو گیا۔ شاہی حکیم صاحب نے امّاں ماہم بیگم سے کہا ’’اگر موٹو نے اس وقت ہمایوں کے پاؤں پر پٹیاں نہ باندھی ہوتیں تو زہر پورے جسم میں پھیل جاتا، یہ بھینس والا موٹو بہت ذہین اور ہوشیار ہے۔‘‘
امّاں ماہم بیگم اور شہنشاہ بابر دونوں موٹو سے بہت خوش ہوئے، موٹو کو اپنے قلعے میں رکھ لیا، اس کی تعلیم تربیت کا انتظام کیا اور اس کا ہر طرح سے خیال رکھنا شروع کیا۔
جب شہنشاہ بابر کا انتقال ہو گیا اور ہمایوں بادشاہ بنا تو اماّں ماہم بیگم نے ہمایوں کو یاد دلایا کہ کس طرح کھیت میں ناگ نے اسے کاٹا تھا اور کس طرح موٹو نے پٹیاں باندھ کر اس کی زندگی بچائی تھی۔ ہمایوں کو واقعہ یاد تھا، وہ موٹو کو بہت پیار کرتا تھا اور اسے اپنا دوست سمجھتا تھا، ہمایوں نے پوچھا ’’اماں بیگم میں موٹو کے لیے کیا کرو‘‘
امّاں بیگم نے کہا ’’موٹو کو اپنا ذاتی سپہ سالار بنا لو، وہ تمھارا سچاّ دوست ہے۔‘‘
ہمایوں نے فوراً حکم نامہ جاری کیا، موٹو شہنشاہ ہمایوں کا ذاتی سپہ سالار بن گیا، اماّں بیگم بہت خوش ہوئیں اور اپنے دونوں بیٹوں کو خوب پیار کیا۔
ہمایوں نے موٹو سے کہا ’’دیکھو موٹو کھانا زیادہ کھاؤ گے تو اور بھی موٹے ہو جاؤ گے، دوڑ میں سپاہی آگے نکل جائیں گے اور سپہ سالار پیچھے رہ جائے گا۔‘‘ سب ہنسنے لگے۔
جانتے ہو بچوّ، یہی موٹو سپہ سالار بساون کے نام سے مشہور ہوا اور جانے کتنے دشمنوں کو شاہی فوج کا سردار بن کر شکست دی۔ ہمایوں اور بساون عرف موٹو کے پیار کی کہانی بھلا کون بھول سکتا ہے!
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.