اردو کے بہترین مختصر اقوال کا ذخیرہ
اردو شاعروں اور ادیبوں
کے مختصر اقوال کا یہ ذخیرہ آپ کی زندگی میں فکر اور سوچ کی نئی راہیں کھولنے اور نئی سمتوں طرف رہنمائی میں مدد کرے گا۔ ہم نے اس ذخیرے میں متنوع موضوعات پر کہے گیے، لکھے گیے تمام اچھے اور مشہور مختصر اقوال شامل کرنے کی کوشش کی ہے۔
ہر عورت ویشیا نہیں ہوتی لیکن ہر ویشیا عورت ہوتی ہے۔ اس بات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیئے۔
ہر حسین چیز انسان کے دل میں اپنی وقعت پیدا کر دیتی ہے۔ خواہ انسان غیر تربیت یافتہ ہی کیوں نہ ہو۔
قوموں کو جنگیں تباہی نہیں کرتیں۔ قومیں اس وقت تباہ ہوتی ہیں جب جنگ کے مقاصد بدل جاتے ہیں۔
آج کا لکھنے والا غالب اور میر نہیں بن سکتا ۔ وہ شاعرانہ عظمت اور مقبولیت اس کا مقدر نہیں ہے۔ اس لئے کہ وہ ایک بہرے ،گونگے، اندھے معاشرے میں پیدا ہوا ہے۔
رشتوں کی تلاش ایک درد بھرا عمل ہے۔ مگر ہمارے زمانے میں شاید وہ زیادہ ہی پیچیدہ اور درد بھرا ہوگیا ہے۔
سوز و گداز میں جب پختگی آجاتی ہے تو غم، غم نہیں رہتا بلکہ ایک روحانی سنجیدگی میں بدل جاتا ہے۔
اگر یہ بات ٹھیک ہے کہ مہمان کا درجہ بھگوان کا ہے تو میں بڑی نمرتا سے آپ کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کہوں گا کہ مجھے بھگوان سے بھی نفرت ہے!
تاج محل اسی باورچی کے زمانے میں تیار ہوسکتا تھا، جو ایک چنے سے ساٹھ کھانے تیار کر سکتا تھا۔
کسی قوم کو احمق بنانا ہو تو اس قوم کے بچوں کو آسان اور سہج لفظوں کے بدلے جبڑا توڑ لفظ گھونٹوا دیجیے۔ سب بچے احمق ہوجائیں گے۔
فسادات کے متعلق جتنا بھی لکھا گیا ہے اس میں اگر کوئی چیز انسانی دستاویز کہلانے کی مستحق ہے تو منٹو کے افسانے ہیں۔