Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر
Aziz Bano Darab Wafa's Photo'

عزیز بانو داراب وفا

1926 - 2005 | لکھنؤ, انڈیا

لکھنو کی ممتاز شاعرہ جنھوں نے اپنے اظہار میں نسائی جذبات کو جگہ دی

لکھنو کی ممتاز شاعرہ جنھوں نے اپنے اظہار میں نسائی جذبات کو جگہ دی

عزیز بانو داراب وفا کے اشعار

9.3K
Favorite

باعتبار

اہمیت کا مجھے اپنی بھی تو اندازہ ہے

تم گئے وقت کی مانند گنوا دو مجھ کو

ایک مدت سے خیالوں میں بسا ہے جو شخص

غور کرتے ہیں تو اس کا کوئی چہرہ بھی نہیں

شیو تو نہیں ہم پھر بھی ہم نے دنیا بھر کے زہر پئے

اتنی کڑواہٹ ہے منہ میں کیسے میٹھی بات کریں

میں نے یے سوچ کے بوئے نہیں خوابوں کے درخت

کون جنگل میں اگے پیڑ کو پانی دے گا

میرے حالات نے یوں کر دیا پتھر مجھ کو

دیکھنے والوں نے دیکھا بھی نہ چھو کر مجھ کو

چراغ بن کے جلی تھی میں جس کی محفل میں

اسے رلا تو گیا کم سے کم دھواں میرا

ہم ایسے سورما ہیں لڑ کے جب حالات سے پلٹے

تو بڑھ کے زندگی نے پیش کیں بیساکھیاں ہم کو

میں جب بھی اس کی اداسی سے اوب جاؤں گی

تو یوں ہنسے گا کہ مجھ کو اداس کر دے گا

زندگی کے سارے موسم آ کے رخصت ہو گئے

میری آنکھوں میں کہیں برسات باقی رہ گئی

ہم نے سارا جیون بانٹی پیار کی دولت لوگوں میں

ہم ہی سارا جیون ترسے پیار کی پائی پائی کو

یہ حوصلہ بھی کسی روز کر کے دیکھوں گی

اگر میں زخم ہوں اس کا تو بھر کے دیکھوں گی

کریدتا ہے بہت راکھ میرے ماضی کی

میں چوک جاؤں تو وہ انگلیاں جلا لے گا

ہماری بے بسی شہروں کی دیواروں پہ چپکی ہے

ہمیں ڈھونڈے گی کل دنیا پرانے اشتہاروں میں

میری تصویر بنانے کو جو ہاتھ اٹھتا ہے

اک شکن اور مرے ماتھے پہ بنا دیتا ہے

ہم نے سب کو مفلس پا کے توڑ دیا دل کا کشکول

ہم کو کوئی کیا دے دے گا کیوں منہ دیکھی بات کریں

تمام عمر کسی اور نام سے مجھ کو

پکارتا رہا اک اجنبی زبان میں وہ

جن کو دیوار و در بھی ڈھک نہ سکے

اس قدر بے لباس ہیں کچھ لوگ

کہنے والا خود تو سر تکیے پہ رکھ کر سو گیا

میری بے چاری کہانی رات بھر روتی رہی

ہمیں دی جائے گی پھانسی ہمارے اپنے جسموں میں

اجاڑی ہیں تمناؤں کی لاکھوں بستیاں ہم نے

میں روشنی ہوں تو میری پہنچ کہاں تک ہے

کبھی چراغ کے نیچے بکھر کے دیکھوں گی

وہ یہ کہہ کہہ کے جلاتا تھا ہمیشہ مجھ کو

اور ڈھونڈے گا کہیں میرے علاوہ مجھ کو

میں اپنے جسم میں رہتی ہوں اس تکلف سے

کہ جیسے اور کسی دوسرے کے گھر میں ہوں

میں بھی ساحل کی طرح ٹوٹ کے بہہ جاتی ہوں

جب صدا دے کے بلاتا ہے سمندر مجھ کو

میں کس زبان میں اس کو کہاں تلاش کروں

جو میری گونج کا لفظوں سے ترجمہ کر دے

شہر خوابوں کا سلگتا رہا اور شہر کے لوگ

بے خبر سوئے ہوئے اپنے مکانوں میں ملے

ہم سے زیادہ کون سمجھتا ہے غم کی گہرائی کو

ہم نے خوابوں کی مٹی سے پاٹا ہے اس کھائی کو

چمن پہ بس نہ چلا ورنہ یہ چمن والے

ہوائیں بیچتے نیلام رنگ و بو کرتے

اپنی ہستی کا کچھ احساس تو ہو جائے مجھے

اور نہیں کچھ تو کوئی مار ہی ڈالے مجھ کو

میں اس کی دھوپ ہوں جو میرا آفتاب نہیں

یہ بات خود پہ میں کس طرح آشکار کروں

آئینہ خانے میں کھینچے لئے جاتا ہے مجھے

کون میری ہی عدالت میں بلاتا ہے مجھے

میرے اندر ایک دستک سی کہیں ہوتی رہی

زندگی اوڑھے ہوئے میں بے خبر سوتی رہی

جانے کتنے راز کھلیں جس دن چہروں کی راکھ دھلے

لیکن سادھو سنتوں کو دکھ دے کر پاپ کمائے کون

وقت حاکم ہے کسی روز دلا ہی دے گا

دل کے سیلاب زدہ شہر پہ قبضہ مجھ کو

چراغوں نے ہمارے سائے لمبے کر دیئے اتنے

سویرے تک کہیں پہنچیں گے اب اپنے برابر ہم

ہم ہیں احساس کے سیلاب زدہ ساحل پر

دیکھیے ہم کو کہاں لے کے کنارا جائے

اس نے چاہا تھا کہ چھپ جائے وہ اپنے اندر

اس کی قسمت کہ کسی اور کا وہ گھر نکلا

اس گھر کے چپے چپے پر چھاپ ہے رہنے والے کی

میرے جسم میں مجھ سے پہلے شاید کوئی رہتا تھا

اس کی ہر بات سمجھ کر بھی میں انجان رہی

چاندنی رات میں ڈھونڈا کیا جگنو وہ بھی

زرد چہروں کی کتابیں بھی ہیں کتنی مقبول

ترجمے ان کے جہاں بھر کی زبانوں میں ملے

مجھے کہاں مرے اندر سے وہ نکالے گا

پرائی آگ میں کوئی نہ ہاتھ ڈالے گا

مرے اندر ڈھنڈورا پیٹتا ہے کوئی رہ رہ کے

جو اپنی خیریت چاہے وہ بستی سے نکل جائے

زمین موم کی ہوتی ہے میرے قدموں میں

مرا شریک سفر آفتاب ہوتا ہے

زندگی بھر میں کھلی چھت پہ کھڑی بھیگا کی

صرف اک لمحہ برستا رہا ساون بن کے

تشنگی میری مسلم ہے مگر جانے کیوں

لوگ دے دیتے ہیں ٹوٹے ہوئے پیالے مجھ کو

دھوپ میری ساری رنگینی اڑا لے جائے گی

شام تک میں داستاں سے واقعہ ہو جاؤں گی

وفا کے نام پر پیرا کئے کچے گھڑے لے کر

ڈبویا زندگی کو داستاں در داستاں ہم نے

گئے موسم میں میں نے کیوں نہ کاٹی فصل خوابوں کی

میں اب جاگی ہوں جب پھل کھو چکے ہیں ذائقہ اپنا

مجھے چکھتے ہی کھو بیٹھا وہ جنت اپنے خوابوں کی

بہت ملتا ہوا تھا زندگی سے ذائقہ میرا

عمر بھر راستے گھیرے رہے اس شخص کا گھر

عمر بھر خوف کے مارے نہ وہ باہر نکلا

مر کے خود میں دفن ہو جاؤں گی میں بھی ایک دن

سب مجھے ڈھونڈیں گے جب میں راستہ ہو جاؤں گی

Recitation

بولیے