Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

تصور پر اشعار

شاعری میں تصورایک بڑی

طاقت کےطور پرابھرتا ہے ۔ ہرطرح کی مایوسی اورمحرومی کے باوجود عاشق کیلئے جوایک سہارا بچتا ہے وہ تصورہی ہے ۔ عاشق کیلئے معشوق سےبات چیت اوراس کا وصل اسی تصورکےسہارے ممکن ہے ۔ یوں بھی ہر شخص وہ تخلیق کارہویا عام آدمی دو دنیاؤں میں ہی جیتاہےایک تووہ دنیا جواس کےآس پاس پھیلی ہوئی سفاک دنیا ہے اوردوسری وہ دنیا جسے وہ اپنے تصور کے سہارے بسائے ہوئے ہے ۔ یہی اس کی طاقت ہے ۔ ہم نےکچھ ایسےشعروں کواکٹھا کیا ہے جن میں تصورکی مختلف صورتوں کا اظہار ہے ۔

جی ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کہ رات دن

بیٹھے رہیں تصور جاناں کیے ہوئے

Interpretation: Rekhta AI

اس شعر میں عاشق کو ایسی فرصت کی طلب ہے جس میں دنیا کے کام اور وقت کی پابندیاں ختم ہو جائیں۔ “رات دن” سے مسلسل تڑپ اور نہ رکنے والی خواہش ظاہر ہوتی ہے۔ “تصورِ جاناں” محبوب کی یاد کا ایسا سہارا ہے جس میں بیٹھے رہنا بھی ایک کیفیتِ عبادت بن جاتا ہے۔ مرکزی جذبہ تنہائی میں یادِ محبوب کی مٹھاس اور اس کے لیے وقت مانگنے کی حسرت ہے۔

مرزا غالب

دنیائے تصور ہم آباد نہیں کرتے

یاد آتے ہو تم خود ہی ہم یاد نہیں کرتے

فنا نظامی کانپوری

یوں برستی ہیں تصور میں پرانی یادیں

جیسے برسات کی رم جھم میں سماں ہوتا ہے

قتیل شفائی

ان کا غم ان کا تصور ان کی یاد

کٹ رہی ہے زندگی آرام سے

محشر عنایتی

ہاں دکھا دے اے تصور پھر وہ صبح و شام تو

دوڑ پیچھے کی طرف اے گردش ایام تو

Interpretation: Rekhta AI

شاعر تصور سے التجا کرتا ہے کہ وہ گزرے ہوئے زمانے کی روزمرّہ کی کیفیت—صبح و شام کی پوری فضا—پھر سے دکھا دے، اور وقت کو جیتا جاگتا مخاطَب بنا کر اسے الٹا چلنے کو کہتا ہے۔ یہاں صبح و شام زندگی کے تسلسل کی علامت ہیں۔ اصل جذبہ حسرت و آرزو ہے کہ کھویا ہوا دور واپس آجائے، خواہ صرف خیال میں ہی کیوں نہ ہو۔

علامہ اقبال

گھر کی تعمیر تصور ہی میں ہو سکتی ہے

اپنے نقشے کے مطابق یہ زمیں کچھ کم ہے

شہریار

جانے کیوں اک خیال سا آیا

میں نہ ہوں گا تو کیا کمی ہوگی

خلیل الرحمن اعظمی

ان کا غم ان کا تصور ان کے شکوے اب کہاں

اب تو یہ باتیں بھی اے دل ہو گئیں آئی گئی

ساحر لدھیانوی

یوں تری یاد میں دن رات مگن رہتا ہوں

دل دھڑکنا ترے قدموں کی صدا لگتا ہے

شہزاد احمد

پھر نظر میں پھول مہکے دل میں پھر شمعیں جلیں

پھر تصور نے لیا اس بزم میں جانے کا نام

فیض احمد فیض

تیرے خیال کے دیوار و در بناتے ہیں

ہم اپنے گھر میں بھی تیرا ہی گھر بناتے ہیں

جمیل الدین عالی

میں جب بھی اس کے خیالوں میں کھو سا جاتا ہوں

وہ خود بھی بات کرے تو برا لگے ہے مجھے

جاں نثار اختر

تصور میں بھی اب وہ بے نقاب آتے نہیں مجھ تک

قیامت آ چکی ہے لوگ کہتے ہیں شباب آیا

حفیظ جالندھری

تصور زلف کا ہے اور میں ہوں

بلا کا سامنا ہے اور میں ہوں

لالہ مادھو رام جوہر

خفا ہیں پھر بھی آ کر چھیڑ جاتے ہیں تصور میں

ہمارے حال پر کچھ مہربانی اب بھی ہوتی ہے

اختر شیرانی

میرے پہلو میں تم آؤ یہ کہاں میرے نصیب

یہ بھی کیا کم ہے تصور میں تو آ جاتے ہو

غلام بھیک نیرنگ

چاہیئے اس کا تصور ہی سے نقشہ کھینچنا

دیکھ کر تصویر کو تصویر پھر کھینچی تو کیا

Interpretation: Rekhta AI

اس شعر میں فن اور محبت دونوں میں جدّت کی بات ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اصل تصویر وہ ہے جو تخیل سے بنے، کیونکہ اس میں اپنی کیفیت اور اندرونی سچائی شامل ہوتی ہے۔ بنی بنائی تصویر کو دیکھ کر ویسی ہی تصویر بنا لینا محض نقل ہے، تخلیق نہیں۔ لہٰذا شعر کا مرکزِ احساس اصالت اور تخلیقی جرأت ہے۔

بہادر شاہ ظفر

اک تری یاد سے اک تیرے تصور سے ہمیں

آ گئے یاد کئی نام حسیناؤں کے

حبیب جالب

ہم ہیں اس کے خیال کی تصویر

جس کی تصویر ہے خیال اپنا

فانی بدایونی

کھل نہیں سکتی ہیں اب آنکھیں مری

جی میں یہ کس کا تصور آ گیا

خواجہ میر درد

لمحہ لمحہ مجھے ویران کئے دیتا ہے

بس گیا میرے تصور میں یہ چہرہ کس کا

دل ایوبی

پوری ہوتی ہیں تصور میں امیدیں کیا کیا

دل میں سب کچھ ہے مگر پیش نظر کچھ بھی نہیں

لالہ مادھو رام جوہر

رات بھر ان کا تصور دل کو تڑپاتا رہا

ایک نقشہ سامنے آتا رہا جاتا رہا

اختر شیرانی

لب خیال سے اس لب کا جو لیا بوسہ

تو منہ ہی منہ میں عجب طرح کا مزا آیا

جرأت قلندر بخش

یاد میں خواب میں تصور میں

آ کہ آنے کے ہیں ہزار طریق

بیان میرٹھی

بچھڑ کر اس سے سیکھا ہے تصور کو بدن کرنا

اکیلے میں اسے چھونا اکیلے میں سخن کرنا

نشتر خانقاہی

محو ہوں اس قدر تصور میں

شک یہ ہوتا ہے میں ہوں یا تو ہے

جلیل مانک پوری

ہیں تصور میں اس کے آنکھیں بند

لوگ جانیں ہیں خواب کرتا ہوں

میر محمدی بیدار

میں اک تھکا ہوا انسان اور کیا کرتا

طرح طرح کے تصور خدا سے باندھ لیے

فاضل جمیلی

اس قدر محو تصور ہوں کہ شک ہوتا ہے

آئینے میں مری صورت ہے کہ صورت تیری

جلیل مانک پوری

جوش جنوں میں لطف تصور نہ پوچھیے

پھرتے ہیں ساتھ ساتھ انہیں ہم لیے ہوئے

جلیل مانک پوری

بناتا ہوں میں تصور میں اس کا چہرہ مگر

ہر ایک بار نئی کائنات بنتی ہے

ترکش پردیپ

نہ ہوگا کوئی مجھ سا محو تصور

جسے دیکھتا ہوں سمجھتا ہوں تو ہے

گویا فقیر محمد

ہے آباد میرے تصور کی دنیا

حسیں آ رہے ہیں حسیں جا رہے ہیں

جلیل مانک پوری

میں کہ تیرے دھیان میں گم تھا

دنیا مجھ کو ڈھونڈھ رہی تھی

کرامت بخاری

دیکھوں ہوں تجھ کو دور سے بیٹھا ہزار کوس

عینک نہ چاہئے نہ یہاں دوربیں مجھے

شیخ ظہور الدین حاتم

کچھ تو ملتا ہے مزہ سا شب تنہائی میں

پر یہ معلوم نہیں کس سے ہم آغوش ہوں میں

مصحفی غلام ہمدانی

میں نے تو تصور میں اور عکس دیکھا تھا

فکر مختلف کیوں ہے شاعری کے پیکر میں

خوشبیر سنگھ شادؔ

جو تصور سے ماورا نہ ہوا

وہ تو بندہ ہوا خدا نہ ہوا

اقبال سہیل

یہاں تو پیک تصور سے کام چلتا ہے

صبا نہیں نہ سہی نامہ بر نہیں نہ سہی

جلیل مانک پوری

یہ تو نہیں کہ خواب میں دنیا بدل گئی

بیدار جب ہوئے تو تصور نیا ملا

سعید الظفر چغتائی

نظر ملی بھی نہ تھی اور ان کو دیکھ لیا

زباں کھلی بھی نہ تھی اور بات بھی کر لی

کیفی اعظمی

میں زمانے میں ہوں آئینۂ تصویر جلیلؔ

کہ تصور سے کبھی یار کی صورت نہ گئی

جلیل مانک پوری

جہاں لب یہ چپ ہوں نظر کہہ رہی ہو

وہاں بھی تصور میں کچھ زندگی ہو

وکاس شاہ مسافر
بولیے