Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

زندگی پر اشعار

ایک تخلیق کار زندگی

کو جتنے زاویوں اور جتنی صورتوں میں دیکھتا ہے وہ ایک عام شخص کے دائرے سے باہر ہوتا ہے ۔ زندگی کے حسن اور اس کی بد صورتی کا جو ایک گہرا تجزیہ شعر وادب میں ملتا ہے اس کا اندازہ ہمارے اس چھوٹے سے انتخاب سےلگایا جاسکتا ہے ۔ زندگی اتنی سادہ نہیں جتنی بظاہر نظر آتی ہے اس میں بہت پیچ ہیں اور اس کے رنگ بہت متنوع ہیں ۔ وہ بہت ہمدرد بھی ہے اور اپنی بعض صورتوں میں بہت سفاک بھی ۔ زندگی کی اس کہانی کو آپ ریختہ پر پڑھئے ۔

ہر نفس عمر گزشتہ کی ہے میت فانیؔ

زندگی نام ہے مر مر کے جئے جانے کا

فانی بدایونی

اس طرح زندگی نے دیا ہے ہمارا ساتھ

جیسے کوئی نباہ رہا ہو رقیب سے

ساحر لدھیانوی

بے تعلق زندگی اچھی نہیں

زندگی کیا موت بھی اچھی نہیں

حفیظ جالندھری

کبھی کھولے تو کبھی زلف کو بکھرائے ہے

زندگی شام ہے اور شام ڈھلی جائے ہے

پریم واربرٹنی

مسرت زندگی کا دوسرا نام

مسرت کی تمنا مستقل غم

جگر مراد آبادی

زندگی ہم سے چاہتی کیا ہے

چاہتی کیا ہے زندگی ہم سے

اجمل سراج

عشق کے مضموں تھے جن میں وہ رسالے کیا ہوئے

اے کتاب زندگی تیرے حوالے کیا ہوئے

ابو محمد سحر

عیال و مال نے روکا ہے دم کو آنکھوں میں

یہ ٹھگ ہٹیں تو مسافر کو راستہ مل جائے

نامعلوم

ہم لوگ تو مرتے رہے قسطوں میں ہمیشہ

پھر بھی ہمیں جینے کا ہنر کیوں نہیں آیا

ظفر اقبال ظفر

ماں کی آغوش میں کل موت کی آغوش میں آج

ہم کو دنیا میں یہ دو وقت سہانے سے ملے

کیف بھوپالی

قید حیات و بند غم اصل میں دونوں ایک ہیں

موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پاے کیوں

مرزا غالب

عشق کو ایک عمر چاہئے اور

عمر کا کوئی اعتبار نہیں

جگر بریلوی

مری زندگی پہ نہ مسکرا مجھے زندگی کا الم نہیں

جسے تیرے غم سے ہو واسطہ وہ خزاں بہار سے کم نہیں

شکیل بدایونی

یہ روح رقص چراغاں ہے اپنے حلقے میں

یہ جسم سایہ ہے اور سایہ ڈھل رہا ہے میاں

نصیر ترابی

گزر رہی تھی زندگی گزر رہی ہے زندگی

نشیب کے بغیر بھی فراز کے بغیر بھی

جاوید صبا

عیش ہی عیش ہے نہ سب غم ہے

زندگی اک حسین سنگم ہے

علی جواد زیدی

زندگی سے زندگی روٹھی رہی

آدمی سے آدمی برہم رہا

بقا بلوچ

نشہ تھا زندگی کا شرابوں سے تیز تر

ہم گر پڑے تو موت اٹھا لے گئی ہمیں

عرفان احمد

کیا چاہتی ہے ہم سے ہماری یہ زندگی

کیا قرض ہے جو ہم سے ادا ہو نہیں رہا

کاشف حسین غائر

بڑی تلاش سے ملتی ہے زندگی اے دوست

قضا کی طرح پتا پوچھتی نہیں آتی

شان الحق حقی

آخر اک روز تو پیوند زمیں ہونا ہے

جامۂ زیست نیا اور پرانا کیسا

لالہ مادھو رام جوہر

کون جینے کے لیے مرتا رہے

لو، سنبھالو اپنی دنیا ہم چلے

اختر سعید خان

جب نہیں کچھ اعتبار زندگی

اس جہاں کا شاد کیا ناشاد کیا

امداد امام اثر

اگر ہے زندگی اک جشن تو نا مہرباں کیوں ہے

فسردہ رنگ میں ڈوبی ہوئی ہر داستاں کیوں ہے

امیتا پرسو رام میتا

جو لوگ موت کو ظالم قرار دیتے ہیں

خدا ملائے انہیں زندگی کے ماروں سے

نظیر صدیقی

کبھی خرد کبھی دیوانگی نے لوٹ لیا

طرح طرح سے ہمیں زندگی نے لوٹ لیا

حفیظ بنارسی

آپ نے اس کے فسانے ہی سنے ہوتے ہیں

اور اچانک یہ بلا آپ کے سر ہوتی ہے

ترکش پردیپ

دھوپ میں نکلو گھٹاؤں میں نہا کر دیکھو

زندگی کیا ہے کتابوں کو ہٹا کر دیکھو

ندا فاضلی

ساری رسوائی زمانے کی گوارا کر کے

زندگی جیتے ہیں کچھ لوگ خسارہ کر کے

ہاشم رضا جلالپوری

گر زندگی میں مل گئے پھر اتفاق سے

پوچھیں گے اپنا حال تری بے بسی سے ہم

ساحر لدھیانوی

کس درجہ دل شکن تھے محبت کے حادثے

ہم زندگی میں پھر کوئی ارماں نہ کر سکے

ساحر لدھیانوی

غم و الم سے جو تعبیر کی خوشی میں نے

بہت قریب سے دیکھی ہے زندگی میں نے

فگار اناوی

یہ کیا کہوں کہ مجھ کو کچھ گناہ بھی عزیز ہیں

یہ کیوں کہوں کہ زندگی ثواب کے لیے نہیں

محبوب خزاں

زندگی شمع کی مانند جلاتا ہوں ندیمؔ

بجھ تو جاؤں گا مگر صبح تو کر جاؤں گا

احمد ندیم قاسمی

زندگی بس مسکرا کے رہ گئی

کیوں ہمیں ناحق رجھا کے رہ گئی

نامی نادری

اجازت ہو تو میں تصدیق کر لوں تیری زلفوں سے

سنا ہے زندگی اک خوبصورت دام ہے ساقی

عبد الحمید عدم

غزل اس نے چھیڑی مجھے ساز دینا

ذرا عمر رفتہ کو آواز دینا

صفی لکھنوی

دن رات مے کدے میں گزرتی تھی زندگی

اخترؔ وہ بے خودی کے زمانے کدھر گئے

اختر شیرانی

خاک اور خون سے اک شمع جلائی ہے نشورؔ

موت سے ہم نے بھی سیکھی ہے حیات آرائی

نشور واحدی

میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا

ہر فکر کو دھوئیں میں اڑاتا چلا گیا

ساحر لدھیانوی

یقیں مجھے بھی ہے وہ آئیں گے ضرور مگر

وفا کرے گی کہاں تک کہ زندگی ہی تو ہے

فاروق بانسپاری

وداع کرتی ہے روزانہ زندگی مجھ کو

میں روز موت کے منجدھار سے نکلتا ہوں

ظفر اقبال

موت خاموشی ہے چپ رہنے سے چپ لگ جائے گی

زندگی آواز ہے باتیں کرو باتیں کرو

احمد مشتاق

بہانے اور بھی ہوتے جو زندگی کے لیے

ہم ایک بار تری آرزو بھی کھو دیتے

مجروح سلطانپوری

وہ کودتے اچھلتے رنگین پیرہن تھے

معصوم قہقہوں میں اڑتا گلال دیکھا

محمد اعظم

زندگی ہے یا کوئی طوفان ہے!

ہم تو اس جینے کے ہاتھوں مر چلے

خواجہ میر درد

زندگی تجھ سے ہر اک سانس پہ سمجھوتا کروں

شوق جینے کا ہے مجھ کو مگر اتنا بھی نہیں

مظفر وارثی

زندگی نام ہے اک جہد مسلسل کا فناؔ

راہرو اور بھی تھک جاتا ہے آرام کے بعد

فنا نظامی کانپوری

ادا ہوا نہ قرض اور وجود ختم ہو گیا

میں زندگی کا دیتے دیتے سود ختم ہو گیا

فریاد آزر

خارؔ الفت کی بات جانے دو

زندگی کس کو سازگار آئی

خار دہلوی

Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

GET YOUR PASS
بولیے